جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے تصدیق کی ہے کہ اس کی ایک
واشنگ مشین ’پھٹنے‘ کے واقعے بعد اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ واشنگ
مشین ’پھٹنے‘ کا واقعہ امریکہ میں پیش آیا اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اس
معاملے میں صارفین کے حقوق کا خیال رکھنے والی امریکی فرم کے ساتھ اس کی
بات چیت جاری ہے۔ دی کنزیومر پراڈکٹ سیفٹی کمیشن (سی پی ایس سی) نے خبردار کیا ہے کہ سام سنگ کی بعض جدید ترین مشینوں میں مسائل موجود ہیں۔ سام سنگ کے خلاف مقدمہ کرنے والی قانونی فرم کا کہنا ہے کہ اس نقص کی وجہ سے نقصان ہو سکتا تھا یا صارف زخمی بھی ہو سکتا تھا۔ کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جو ماڈلز شمالی امریکہ سے باہر فروخت کیے گئے ہیں ان میں یہ مسائل نہیں ہیں۔ خیال
رہے کہ اس سے قبل سام سنگ ہی کے سمارٹ فون (نوٹ سیون) کی بیٹریوں کے
’پھٹنے کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا جس کے باعث کمپنی کو موبائل فون واپس
منگوانا پڑے تھے۔ اس سے قبل سام سنگ کے سمارٹ فونز میں بھی کچھ ایسا ہی مسئلہ سامنے آیا تھا
سام سنگ اور سی پی ایس سی کا کہنا ہے کہ بنیادی طور پر
اس نقص سے مارچ 2011 سے 2016 کے درمیان فروخت کی جانے والی واشنگ مشینیں
متاثر ہوئی ہیں۔ اس حوالے سے سام سنگ کا کہنا تھا کہ ’بعض اوقات
متاثرہ مشینوں میں اس وقت غیر معمولی حرکت دیکھی گئی ہے جب اس میں بستر،
بھاری یا پانی سے محفوظ رہنے والی اشیا دھونے کی کوشش کی جاتی ہے اور اس سے
صارف کو نقصان پنچنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔‘ کمپنی نے متاثرہ ماڈلز استمعال کرنے والے صارفین سے کہا ہے کہ وہ اس قسم کی اشیا دھوتے ہوئے مشین کو کم رفتار پر چلائیں۔ سام
سنگ نے متاثرہ ماڈل کا نام تو نہیں بتایا ہے تاہم صارفین کو اس مشین کے
سیریل نمبر کے ذریعے یہ معلوم کرنے کی سہولت فراہم کی ہے کہ آیا ان کی مشین
متاثرہ ماڈل کی تو نہیں۔
No comments:
Post a Comment